مرکز المعارف ممبئی میں انگریزی تقریری مقابلے کا انعقاد
حالات کے حساب سے عناوین کا انتخاب بے حد ضروری ہے تاکہ حقیقت سے دنیا کو آگاہی ہو ۔…ایڈووکیٹ روی سنگھ
مثبت سوچ کے ساتھ دوسروں کے لیے نفع بخش بننا ضروری ۔۔۔ پروفیسر محمد رضوان قاسمی وندوی
ای سی نیوز ڈیسک
21/ستمبر 2025
ممبئی_____ فضلاء مدارس کو انگریزی زبان وادب کی تعلیم دینے کے حوالےسے اپنی منفرد شناخت رکھنے والا ملک کا مشہور ومعروف ادارہ مر کز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر (ایم ایم ای آر سی) ممبئی میں تعلیم حاصل کر رہے فضلاء مدارس کے درمیان انگریزی زبان میں تعلیمی سال ٢٠٢٥ -٢٦ کا دوسرا تقریری مسابقہ انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں فائنل راؤنڈ کے لیے منتخب ہونے والے کل آٹھ طلبہ نےحالات حاضرہ کے مختلف اور اہم عناوین پر انگریزی زبان میں تقاریر پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا۔ اس پروگرام میں کئی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد بارگاہ رسالت ﷺ میں محبت سے لبریز نعت پیش کی گئی۔ پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے مولانا محمد توقیر رحمانی نے مرکز المعارف کا مختصر تعارف کرایا اور مرکز المعارف کے بانی مولانا محمد بدر الدین اجمل القاسمی کی ملک و ملت کے تئیں گراں قدر خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ ادارے کے ایکسٹرا کریکولر ایکٹیویٹیز کے ذمہ دار مفتی جسیم الدین قاسمی نے مہمانوں کا والہانہ خیرمقدم کیا۔

پروگرام میں حکم کی حیثیت سے تین معزز شخصیات نے شرکت کی جس میں مرکز المعارف کے ڈائیریکٹر، مختلف کتابوں کے مصنف اور انگریزی زبان کے شاعر مولانا محمد برہان الدین قاسمی، طبیہ کالج ورسوا کے پروفیسر محمد رضوان قاسمی وندوی اور مہاراشٹرا کالج کے سابق پروفیسر جناب حنیف صاحب شامل ہیں۔
پروگرام کی صدارت مرکز المعارف کےانچارچ مولانا محمد عتیق الرحمن قاسمی نے فرمائی، جبکہ جناب ایڈووکیٹ روی سنگھ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
مساہمین کی تقاریر کے بعد حکم حضرات نے طلباء کو اپنی قیمتی آراء اور نصائح سے نوازا۔ پروفیسر رضوان قاسمی نے کہاکہ فضلائے مدارس فراغت کے بعد مرکز المعارف یا اس جیسے ادارے میں داخلہ لیکر کوئی ڈگری ضرور حاصل کریں اور دین و ایمان کو برقرار رکھتےہوئے مثبت سوچ کے ساتھ دوسروں کے لیے نفع بخش بنیں۔
پروفیسر حنیف صاحب نے تقریر کو جامع اور اثر انگیز بنانے کے لیے تلفظ کے حوالے سے چند اہم نکات کیجانب رہنمائی کی اور کہا کہ مؤثر تقریر میں مواد سے زیادہ انداز بیان اور تلفظ کا زیادہ دخل ہوتا ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر اور پروگرام کے حکم مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے طلبہ کی کارکردگی کی سراہا اورنتائج کا اعلان کیا۔ فائنل راؤنڈ کے کل آٹھ منتخب طلبہ سے مولوی محمد ، محمد قمرالحسین قاسمی اور صابر احمد قاسمی نے بالترتیب اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔

پروگرام کے مہمان خصوصی ایڈووکیٹ روی سنگھ نے کہا کہ حالات حاضرہ کے حساب سے عناوین کا انتخاب بے حد ضروری ہے تاکہ حقیقت سے دنیا کو آگاہی ہو۔
پروگرام کے صدرمولانا عتیق الرحمن قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے طلباء کی کارکردگی کو خوب سراہا اور مختصر دعا پر پروگرام کا اختتام فرمایا۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں مرکزالمعارف کے لیکچررزمولانا محمد اسلم جاوید قاسمی، مولانا جمیل احمد قاسمی اور مولانا محمد سلمان عالم ودیگر عملے نے گراں قدر تعاون پیش کیا۔
