فضلاءِ مدارس کے لیے انگلش ڈِپلومہ میں داخلہ کی تاریخوں کا اعلان
داخلہ امتحان کے تمام مراحل دیوبند میں آف لائن ہوں گے البتہ آن لائن فارم بھرنے کی سہولت دستیاب ہے۔
ای سی نیوز ڈیسک
03/12/2025
ممبئی: مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، ممبئی اور ہندوستان کے مختلف حصوں میں اس سے ملحقہ 8 اداروں کی سالانہ میٹنگ میں نئے تعلیمی سال کے لیے ڈپلومہ ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر (DELL) میں مشترکہ داخلہ امتحان کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ فیصلہ کے مطابق تحریری امتحان یکم جنوری اور تقریری امتحان 3 جنوری 2026 کو دیوبند میں ہوگا۔
مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے اپنے پریس نوٹ میں بتایا کہ اس سال جن اداروں کے لیے مشترکہ داخلہ امتحان ہورہا ہے، ان میں مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، ممبئی،مرکز اسلامی ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، انکلیشور، گجرات، جامعہ اسلامیہ جلالیہ ہوجائی، آسام، المعہد العالی الاسلامی، حیدر آباد، تلنگانہ، مدرسہ اسلامیہ وقف، سورت، گجرات، جامعہ دارالحدیث، جے نگر، آسام، جامعہ اسلامیہ، بنجاری، اندور، مدھیہ پردیش، اور جامع العلوم، با لاپور، آکولہ، مہاراشٹر شامل ہیں۔
مولانا قاسمی نے واضح کیا کہ داخلہ کے لیے تحریری اور تقریری دونوں امتحانات میں شرکت لازمی ہوگی اور صرف کامیاب امیدوار ہی داخلے کے اہل قرار پائیں گے۔

ڈیل کورس کے نیشنل کوآرڈینیٹر مولانا مدثر احمد قاسمی نے بتایا کہ ڈِپلومہ ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر (DELL) دو سالہ آف لائن کورس ہے، جو 1994 میں مولانا بدرالدین اجمل القاسمی اور ان کے رفقاء نے فضلائے مدارس کے لیے متعارف کرایا تھا۔ اس کورس کا مقصد طلبہ کو جدید علمی و دعوتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، تاکہ وہ سماجی، دینی اور عالمی سطح پر مؤثر خدمات انجام دے سکیں۔ گزشتہ تین دہائیوں میں اس کورس نے زبردست مقبولیت حاصل کی اور اس کے فضلاء ملک و بیرونِ ملک مختلف علمی و سماجی میدانوں میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بدلتے عالمی منظرنامے کے پیشِ نظر اس کورس کی افادیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے طابق داخلہ کے لیے ملک کے کسی بھی مدرسے سے فارغ التحصیل یا رواں سال فارغ ہونے والے طلبہ درخواست دے سکتے ہیں۔ داخلہ فارم اور مزید تفصیلات ادارہ کے آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے. مشترکہ داخلہ امتحان کے تمام مراحل آف لائن ہوں گے اور امتحان دیوبند میں لیا جائے گا البتہ آن لائن فارم بھرنے کی سہولت دستیاب ہے۔
