جامعہ جلالیہ ہوجائی میں شخصیت سازی پروگرام کا انعقاد؛ علماء اور تعلیمی حلقے نے طلباء کی کارکردگی کو سراہا
ایسٹرن کریسنٹ
نیوز ڈیسک
30/07/2024
جامعہ اسلامیہ جلالیہ، ہوجائی، آسام کے شعبہ انگریزی اور کمپیوٹر ایپلی کیشنز (DECA) نے 28 جولائی 2024 کو ایک اہم پروگرام کا انعقاد کیا جس میں طلباء نے انگریزی زبان میں اپنی تقریری مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔ جامعہ جلالیہ، آسام اور شمال مشرقی ہندوستان کے غیر سرکاری (قومی) مدارس میں سب سے اعلیٰ مقام رکھنے والے اداروں میں سے ایک ہے، جس میں مختلف تعلیمی شعبے قائم ہیں۔ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ نے دہائیوں پہلے انگریز زبان و ادب کا ایک شعبہ قائم کیا جسکا نام "ڈپارٹمنٹ آف انگلش اینڈ کمپیوٹر ایپلیکیشنز(DECA) ہے. انگریزی زبان و ادب سیکھنے والے سال رواں کے جدید طلباء کے درمیان ادارہ کی جانب سے تقریری مسابقہ کا انعقاد ہوا جس میں اس شعبہ میں شریک طلباء نے محض دو مہینے کی پڑھائی کے بعد اپنی بہترین کارکردگی سے سامعین کو ششدر کردیا.
مدرسہ ہٰذا کے معزز اساتذہ کرام، کثیر تعداد میں طلباء کے ساتھ ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مسلم اور غیر مسلم شخصیات نے اپنی شرکت سے پروگرام کو رعنائی بخشی۔
جامعہ جلالیہ کے ایک مہتمم، عطریات کے مشہور تاجر اور معروف سماجی شخصیت، مولانا مشتاق احمد عنفر اس پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔ مولانا عنفر نے طلباء کی معیاری اور انگریزی زبان میں حیران کن کارکردگی سے متاثر ہوکر DECA کا آئندہ مزید تعاون کا وعدہ کیا اور اعتراف کیا کہ جامعہ سے اپنے 18 سالہ تعلق میں انہوں نے ایسی کارکردگی کبھی نہیں دیکھی تھی۔ انہوں نے دور حاضر میں انگریزی زبان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے طلباء کو مدارس سے فراغت کے بعد DELL کورس کی ترغیب دی۔
اجمل فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خسرالاسلام نے طلباء کی قابل تعریف صلاحیتوں اور DECA کی لگن کو سراہا۔ بہت سی دیگر معروف شخصیات جیسے بزرگ عالم دین اور ہوجائی کی مشہور شخصیت مولانا اجیر الدین، مولانا عبدالعلیم چودھری، جنرل سیکریٹری مرکز المعارف، ڈاکٹر ایم آر ایچ آزاد اور ڈاکٹر رضی احمد قاسمی سمیت عنفر سپر 50 کے ذمہ داران بھی موجود تھے، جنہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنی تجربات اور علمی خیالات کا اظہار کیا نیز طلباء کو مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کے لئے رہنمائی بھی فرمائی۔
جامعہ اسلامیہ جلالیہ، ہوجائی کا شعبہ انگریزی اور کمپیوٹر ایپلی کیشنز (DECA) مدرسہ کے جدید فارغ التحصیل طلباء کو دو سالہ ڈپلومہ ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر (DELL) کورس فراہم کرتا ہے۔ DELL کورس مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، ممبئی (MMERC) کی طرف سے قومی سطح پر فروغ دیا گیا ہے۔ جامعہ جلالیہ کا MMERC ،DECA، ممبئی سے تعلیمی طور پر منسلک ہے۔ جامعہ جلالیہ ہوجائی کے شعبہ انگریزی کے لیکچرر مولانا ظہیر الاسلام قاسمی نے اس پروگرام کی نظامت کی۔ انہوں نے اپنے بہترین نظامت اور طلباء کے خوش کن کارکردگی کے ذریعہ اپنے لئے اور اپنے ادارہ جامعہ جلالیہ کے لئے تمام مہمانوں کی داد رسی حاصل کی۔