قابلیت اپنے اندر اس سطح کی پیدا کریں کہ آپ دنیا کی ضرورت بن جائیں
مرکزالمعارف ممبئی میں فضلاء مدارس کے مابین انگریزی تقریری مقابلہ کے اختتام پر دانشوران کا اظہار خیال
ایسٹرن کریسینٹ: 24 /جولائی، 2023
فضلاء مدارس اسلامیہ کی انگریزی وعصری تعلیم کے لئے مشہور ادارہ مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر جوگیشوری، ممبئی میں انگریزی زبان کاتقریری مقابلہ منعقد کیاگیا،جس میں طلبہ نے مختلف عناوین پر انگریزی زبان میں تقاریر پیش کرکے اپنی صلاحیت کا بھر پور مظاہر ہ کیا۔ واضح رہے کہ ہرسال مرکز المعارف ایجو کیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئی میں فضلاء مدارس کے مابین تین تقریری مسابقے ہوتے ہیں جن میں انگریزی زبان سیکھ رہے تمام طلبہ کی شرکت لازمی ہوتی ہے۔ تینوں مسابقے میں مجموعی طورپر جو سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرتاہےاسے اسپیکر آف دی ایئر نامزد کیا جاتا ہے۔
مولانا عتیق الرحمٰن قاسمی میں نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ کے انداز خطاب اورعناوین کے انتخاب کوسراہتے ہوئے فرمایاکہ عالمی و آفاقی دین و متین کی تعلیمات دنیا بھر میں پہنچانے کے لئےانگلش زبان کو سیکھنا دین کی بڑی خدمت ہے۔ وہیں مسابقہ کے مہمان خصوصی جناب حافظ اقبال چوناوالا رکن شوری دارالعلوم وقف دیوبند نےطلبہ کی پزیرائی کرتے ہوئے فرمایاکہ پیش کیے گئے تمام موضوعات حالات حاضرہ سے ہم آہنگ تھے، ضرورت اس بات کی ہےکہ یہ اہم باتیں دور تک پہنچے تاکہ لوگ اسلام کی سچی تعلیمات سے آگاہ ہوں اور اسلام کی صحیح تصویر لوگوں کے سامنے واضح ہو اور غلط فہمیاں دور ہوں۔
پروگرام کے ایک جج جناب خلیل احمد انصاری صاحب نے طلبہ کی کار کردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ قابلیت اپنے اندر اس سطح کی پیدا کریں کہ آپ دنیا کی ضرورت بن جائیں۔ دنیا آپ کو اسلامی تشخص اور آپ کی ترجیحات کے ساتھ قبول کرے گی۔ دوسرے جج جناب تنزیل خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بہتر گفگتگو و بیان کے لئے اچھی زبان، گفتگو میں اتار چڑھاؤ اورآنکھ ،چہرہ اور ہاتھ کے اشارے وغیرہ بھی مواد کے موافق ہوں تو بات موثر انداز میں مخاطب تک پہنچتی ہے، اورآج کے خطاب میں طلبہ نے ان سب باتوں کا بھرپور لحاظ رکھا،جسے دیکھ کر واقعی مسرت ہوئی۔ مرکزالمعارف کے ڈاریکٹرمولانا محمد برہان الدین قاسمی نے نتیجے کا اعلان کیا اور اپنے تاثراتی کلمات میں فرمایا کہ تقاریر بہت عمدہ تھیں ، لیکن مزید بہتری لانے کی ہمیشہ کوشش جاری رکھنی چاہیے۔
بتادیں کہ پہلے مرحلے میں تمام طلبہ نے شرکت کی جس میں آخری راؤنڈ کےلئے کل نو طلبہ (محمد حمزہ، محمد سلمان عالم، محمد شمشاد، محمد توقیر، محمد الیاس، محمد اسامہ، ظہیرالاسلام، محمد سلیا، محمد فیصل) منتخب ہوئے ۔ تمام ججوں کے متفقہ فیصلوں کی بنیادپر محمد سلمان عالم،ظہیرالاسلام اور محمد حمزہ بالترتیب اول دوم اور سوم پوزیشن کے ساتھ کامیاب قرار پائے۔
پروگرام کاآغاز قاری زبیر کی تلاوت اورمولانا جہانگیر کی نعت پاک سے ہوا،جبکہ نظامت کے فرائض مفتی جسیم الدین قاسمی نے انجام دیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں مرکزکے اساتذہ دمولانا محمد اسلم جاوید قاسمی ،مولانا جمیل احمد قاسمی کاگرانقدر دتعاون رہا۔پروگرام کا اختتام مولاناشاہد قاسمی امام و خطیب مسجد مرکزالمعارف کی دعا سے ہوا۔