ماسٹر اکیڈمی ممبئی کی جانب سے NEET-2024 کی ٹاپر امینہ کڑی والا کے اعزاز میں پر وقار تقریب کا انعقاد
ممبئی/11 جون:(سلمان عالم قاسمی)
ایکسلنٹ ماسٹر اکیڈمی نے گذشتہ کل جوگیشوری ویسٹ، ممبئی کے دلشاد ہال میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا تاکہ NEET-2024 کے امتحان میں اعلی نمبر حاصل کرنے والے کم از کم 25 طلباء کو انعامات دیکر سراہا جائے۔ جن میں اس کی ٹاپر اور آل انڈیا رینک ون (AIR 1) ہولڈر امینہ کڑی والا بھی شامل تھی۔ اس تقریب میں شہر ممبئی کے کئی معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں قابل ذکر جناب اقبال اندورا، مولانا محب المرسلین، ڈاکٹر راشد قاضی اور مرکز المعارف ممبئی کے ڈائریکٹر مولانا محمد برہان الدین قاسمی ہیں۔ آئی پی ایس آفیسر جناب قیصر خالد، آئی جی (ٹرانسپورٹ) حکومت مہاراشٹر اور معروف میڈیکل کونسلر جناب مظفر خان صاحب تقریب کے خصوصی مہمان تھے۔
پروگرام میں ایکسلنٹ ماسٹر اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور بانی جناب نورالدین سر نے اپنی تقریر میں طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کچھ بڑا حاصل کرنے کے لئے محنت، لگن اور جہد مسلسل کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کی تاریخی مثال آج ہمارے سامنے امینہ کڑی والا کی شکل میں موجود ہے۔دوران تقریر انہوں نے خاص طور پر امینہ کڑی والا کی غیر معمولی کامیابی کو سراہا، جس نے ماسٹر اکیڈمی کے تحت تعلیم حاصل کی اور NEET- 2024 کے امتحان میں پورے 720/720 نمبرات پاکر آل انڈیا رینک (AIR) میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے شہر ممبئی اور اپنی کمیونٹی کا نام روشن کیا۔۔ نور سر نے مزید کہا کہ ایسی شاندار کامیابی انتھک محنت اور بڑی قربانی کے بعد ملتی ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام اپنے کچھ معزز اساتذہ کو اسٹیج پر مدعو کرکے کیا تاکہ وہ اپنے تجربات شیئر کرسکیں۔
ڈاکٹر راشد قاضی، پرنسپل انجمن اسلام یونانی میڈیکل کالج ورسوا، ممبئی نے والدین کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کے روزانہ کی سرگرمیوں سے آگاہ رہیں اور دن میں کچھ وقت نکال کر تعلیم کے بارے میں بات کریں، نیز بہتر نتائج کے لئے صحت اور منظم مطالعہ کے شیڈول کی اہمیت پر بھی دھیان دیں۔
مہمان خصوصی،آئی پی ایس آفیسر جناب قیصر خالد، نے اچھی کارکردگی کرنے والے بچوں اور ان کے والدین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہم گھر پر ایک سازگار مطالعہ کا ماحول پیدا کریں اور اپنے بچوں کی تعلیم میں قدم بقدم سرگرم رہیں۔ انہوں نے ایک طرف مسلم کمیونٹی کے خوشحال افراد کو غیر ضروری اخراجات سے بچنے اور تعلیم میں سرمایہ کاری کرکے اپنے معیاری تعلیمی ادارے قائم کرنے کی طرف توجہ دلائی، تو دوسری طرف انہوں نے والدین کو اس بات کی طرف بھی ترغیب دلائی کہ ابتداء ہی سے تعلیم میں اپنے بچوں کی جڑوں کو مظبوط کریں، تاکہ انہیں آگے چل کر کسی بھی طرح کی دشواری کا سامنا نہ ہو، اور ملک وملت دونوں کا نام روشن کریں۔
تقریب کا اختتام جناب مظفر خان کی تفصیلی گفتگو کے ساتھ ہوا جس میں انہوں نے کامیاب ہونے والے طلباء اور ان کے والدین کو تفصیل سے بتایا کہ میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیسے حاصل کیا جائے اور اگر کسی کے نمبر مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہوں تو آگے کیا کیا جائے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ NEET- 2024 امتحان میں 67 طلباء نے مکمل 720/720 نمبرات حاصل کرکے AIR 1 حاصل کیا۔ اس غیر معمولی واقعہ نے امتحان کی ساکھ کے بارے میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے، کیونکہ متعدد ٹاپ کرنے والے طلبہ ایک ہی کوچنگ سینٹر سے تعلق رکھتے ہیں اور ان میں سے آٹھ طلباء نے ایک ہی سینٹر میں امتحان دیا تھا۔ جس کی وجہ سے فی الحال یہ مسئلہ سپریم کورٹ میں امتحان کے انعقاد کی مستقل مزاجی اور منصفانہ ہونے کے لیے زیر التوا ہے۔
