حق و باطل کی معرکہ آرائی روز اول سے ہے
محمد توقیر رحمانی
حق و باطل کا معرکہ ابتداء آفرینش ہی سے ہے اور یہ تا قیامت جاری رہیگا۔ ہر دور میں باطل مختلف شکلوں میں نمودار ہوا اور اپنی پوری قوت کے ساتھ حق پر یلغار ہوا لیکن ہر بار اسے منہ کی کھانی پڑی۔ وقتی طور پر اسے کامیابی ضرور ملی، مگر بالآخر ناکامی ہی اس کا مقدر بنی۔ حق و باطل کی جنگ آج کی یا صرف اس دور کی پیداوار نہیں بلکہ یہ انسانی وجود کے ابتدائی دور سے ہی جاری ہے اور اب انسانی وجود کا لازمی جزو بن گئی ہے۔ اگر باطل کا وجود نہ ہو تو حق کی پہچان ممکن نہیں۔ حق و باطل کی شناخت تجربات و مشاہدات اور انسانی عقل سے متعلق ہے لیکن حق کے مقابل اگر باطل کا تصور نہ ہوتا تو نہ حق کی اہمیت معلوم ہوپاتی اور نہ ہی دونوں میں تمیز کرنا ممکن ہوتا۔ یہ ایک غیرمعمولی اور بیش بہا خدائی عطیہ ہے جس سے صحیح اور غلط کی پہچان بآسانی ہوجاتی ہے ورنہ انسان ان دونوں کی کشمکش میں اپنا وجود کھو دیتا پھر بھی حق کی رہنمائی نا ہو پاتی۔
جب بھی باطل حق پر غالب آیا اور اس کا عروج ہوا، تو خالقِ کائنات نے حق کی نشاندہی کی خاطر مکمل ضابطۂ حیات کے ساتھ اِنسانوں ہی میں سے کسی کو اپنا پیغامبر بنا کر بھیجا تاکہ عوام الناس اور باطل سرگرمیوں میں بد مست انسانوں کو حق کی پہچان کے ساتھ زندگی گزارنے کا صحیح طریقہ معلوم ہو سکے۔ اس طرح، راہِ راست سے بھٹکے ہوئے انسان اپنی عقل پر ہلکی ضرب سے اپنے وجود کے اصل مقصد کو سمجھ سکے۔ باطل نے حق کو مغلوب کرنے کیلئے اپنی پوری قوت صرف کردی اور اپنی بساط کے مطابق مختلف حربے اپنائے۔ اخلاقی تخریب کاری سے لیکر ملعونیت، فرعونیت اور شیطانیت کو اپنا شیوہ بنایا لیکن جونہی ملعونیت بڑھی اس کے خاتمے کے لئے ابراہیم خلیل اللہؑ نے جنم لیا، فرعونیت بڑھی توموسی کلیم اللہ ؑنے سرکوبی کی، شیطانیت زور پکڑی تومحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خاتمہ کیا اور انسانوں کو ایک مکمل نظام حیات کے تحت لا کھڑا کیا۔
لذت پرستی اور عیش پرستی انسان کو اپنے مقصد وجود سے ہٹا کر اخلاقی تخریب کاری میں مبتلا کردیتی ہے۔ باطل نے ہمیشہ اسی انسانی کمزوری سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے اور انسان کو انسان کا جانی دشمن بنادیا حتی کہ زن پرستی اور زروجواہرات کی طمع نے انسان کو اپنے سگے بھائی اور باپ کا قاتل بھی بنادیا ہے۔ اپنی عیش پرستی کی خاطر باطل کے پرستاروں نے اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو بھی استعمال کرنے سے گریز نہیں کیا۔ زن، زرو جواہرات اور لذت پرستی انسان کے ذہنی اور جسمانی تعیش کا سامان ہیں جو اسے انسانیت سے منحرف کردیتی ہیں جس کے نتیجے میں اسکا نام و نشان ہمیشہ کیلئے مٹ جاتا ہے اور وہ نشان عبرت بن کر رہ جاتاہےلیکن یہ بھی ایک اٹل حقیقت ہے کہ جو بھی ان کے منفی اثرات سے بچ کر اپنی فکری صلاحیتوں کو جلا بخشتا اور اخلاقی اقدار کو بروئے کار لاتا ہے وہ ہمیشہ تاریخ کے سرخ پنوں میں زندہ و جاوید رہتاہے ۔
حق و باطل کا معرکہ ابتداء آفرینش سے شروع ہوا اور قیامت تک جاری رہے گا۔ یہ جنگ انسانیت کی اخلاقی اور روحانی ترقی کے لیے اہم ہے۔ یہ جنگ نہ صرف ظاہری طور پر میدانوں میں لڑی گئی بلکہ دلوں اور ذہنوں کو متاثر کرنے کےلئے بھی لڑی جاتی ہے جسے نظریا تی جنگ کہا جاتاہے۔ انسانی تاریخ کے ہر دور میں حق و باطل کی اس جدوجہد کو دیکھا جا سکتا ہے، جہاں ایک طرف حق کی روشنی انسانیت کو سچائی اور انصاف کی راہ دکھاتی رہی، اور دوسری طرف باطل کی تاریکی نے لوگوں کو گمراہی اور ظلمت میں دھکیلنے کی کوشش کی۔ حق کی فتح ہمیشہ مقدر رہی ہے اور رہے گی ان شاء للہ، کیونکہ حق وہ روشنی ہے جو کبھی بجھ نہیں سکتی۔ باطل کی طاقتیں وقتی طور پر غالب آ سکتی ہیں، لیکن ان کا انجام ہمیشہ ہلاکت اور شکست ہوتا ہے۔ اس لیے انسان کو حق کا علمبردار بنے رہناچاہیے اور اپنی زندگی کو اس عظیم مقصد کے لیے وقف کر دینا چاہئے تاکہ دنیا میں امن، عدل اور محبت کا پیغام عام ہو سکے۔