ای سی نیوز ڈیسک
قطر نے ماحولیات کی بہتری کے لئے ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور دنیا کی پہلی سلطنت بن گئی ہے جس نے اپنی سڑکوں کا رنگ سیاہ سے تبدیل کرکے نیلا کرنا شروع کردیا ہے۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی دن کی گرمیوں میں گاڑیوں کے پہیوں کو نسبتاً ٹھنڈا رکھنے اور درجہ حرارت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی، جبکہ رات کے وقت بہتر روشنی کا بھی امکان فراہم کرے گی۔ اس تبدیلی نے تحقیق کرنے والوں کے لئے ایک نیا دریچہ کھول دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق قطر کی یہ نیلی سڑکیں ایک خاص مواد سے بنی ہیں جس میں گرمی کی عکاسی کرنے والے روغن اور سیرامک مائکرو اسپیئرز شامل ہیں جو سورج کی شعاعوں کو منعکس کرتے ہیں اور سطح کے درجہ حرارت کو 15 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرتی ہیں۔ اس مواد سے ہونے والی ٹھنڈک کا آس پاس کی عمارتوں اور پیدل چلنے والوں پر بھی مثبت اثر پڑتا ہے۔
گہرے رنگ کی اسفالٹ سڑکیں سورج سے گرمی جذب کرتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ چلنے یا گاڑی چلانے کے لئے خاص طور پر گرم موسم میں بہت گرم ہو جاتی ہیں۔ جبکہ نیلا پینٹ سورج کی روشنی کو منعکس کرتا ہے، جو سڑکوں کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
یہ اقدام نہ صرف ماحولیاتی بہتری کے لئے اہم ہے بلکہ شہری زندگی کو بھی زیادہ آرام دہ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ قطر کی حکومت اور ماہرین اس تجربے کے نتائج کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنا کر دیگر ممالک کے لئے بھی ایک مثال قائم کی جا سکے۔