
مسلم پرسنل لا میں مداخلت ناقابلِ قبول، UCC کے نفاذ کا کوئی آئینی و سماجی جواز نہیں: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
مسلم پرسنل لا میں مداخلت ناقابلِ قبول، UCC کے نفاذ کا کوئی آئینی و سماجی جواز نہیں: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ
جسٹس رنجنا دیسائی کمیٹی کے سامنے بورڈ کا دوٹوک مؤقف، مفتی جسیم الدین قاسمی نے مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کے تحفظ پر زور دیا
ای سی نیوز ڈیسک
ممبئی: مہاراشٹر میں یکساں سول کوڈ (UCC) کے حوالے سے جاری عوامی سماعت کے دوران آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ایک وفد نے جسٹس رنجنا دیسائی کی سربراہی میں قائم کمیٹی سے ملاقات کرکے یکساں سول کوڈ کے مجوزہ نفاذ کے سلسلے میں اپنا تفصیلی مؤقف پیش کیا۔ وفد نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں مہاراشٹر میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی ضرورت ثابت نہیں ہوتی اور کسی بھی فیصلے سے قبل آئینی تقاضوں، مذہبی آزادی، مسلم پرسنل لا اور سماجی ہم آہنگی کو ملحوظِ خاطر رکھنا ضروری ہے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے وفد میں مفتی جسیم الدین قاسمی، ڈاکٹر عظیم الدین ، عبدالحسیب بھاٹکر ، محمد توقیر رحمانی اور محمد خالد بھائی شامل تھے۔ وفد کی جانب سے مفتی جسیم الدین قاسمی نے کمیٹی کے سامنے بورڈ کا تفصیلی مؤقف پیش کیا اور یکساں سول کوڈ کے مختلف آئینی، قانونی، مذہبی اور سماجی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
مفتی جسیم الدین قاسمی نے اپنی نمائندگی میں کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ آئین، مساوات اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرتا ہے، تاہم موجودہ حالات میں مہاراشٹر میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کو ضروری نہیں سمجھتا۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 44 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں استعمال ہونے والی اصطلاح “Shall Endeavour” ریاست کو یکساں سول کوڈ کے لیے کوشش کرنے کی ہدایت دیتی ہے، لیکن اس کے نفاذ کو ہر حال میں لازمی قرار نہیں دیتی۔ یہ آرٹیکل ریاستی پالیسی کے رہنما اصولوں کا حصہ ہے، اس لیے اس کی تشریح بنیادی حقوق کے ساتھ ہم آہنگ کرکے کی جانی چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مساوات (Equality) اور یکسانیت (Uniformity) دو الگ تصورات ہیں۔ ہندوستان مختلف مذاہب، تہذیبوں، ثقافتوں اور روایات کا حامل ملک ہے۔ قانونی تنوع قومی اتحاد کے منافی نہیں، بلکہ مختلف مذاہب اور طبقات کے عقائد، روایات اور حقوق کا احترام ہی ملک کی جمہوری اور آئینی بنیادوں کو مضبوط کرتا ہے۔
وفد نے خدشہ ظاہر کیا کہ یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوسکتے ہیں، بالخصوص آئین کے آرٹیکل 25 (مذہبی آزادی اور آزادیٔ ضمیر)، آرٹیکل 26 (مذہبی اداروں کے حقوق)، آرٹیکل 21 (شخصی آزادی، وقار اور پرائیویسی) اور آرٹیکل 29 (ثقافتی شناخت کا تحفظ) کے حوالے سے سنجیدہ سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ مسلمانوں کے لیے نکاح، طلاق اور وراثت جیسے معاملات ان کے مذہبی عقائد اور مسلم پرسنل لا سے گہرا تعلق رکھتے ہیں، اس لیے ان معاملات میں کسی بھی قانون سازی سے قبل مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔
مفتی جسیم الدین قاسمی نے 21ویں لاء کمیشن کی 31 اگست 2018ء کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ میں بھی موجودہ حالات میں یکساں سول کوڈ کو نہ ضروری قرار دیا گیا تھا اور نہ ہی مطلوب۔ انہوں نے کمیٹی کے سامنے یہ سوال اٹھایا کہ گزشتہ چند برسوں میں ایسی کون سی نئی صورتحال پیدا ہوئی ہے جس کی بنیاد پر یکساں سول کوڈ کو ضروری سمجھا جا رہا ہے؟ نیز موجودہ قوانین میں ایسی کون سی خامیاں ہیں جنہیں دور کرنے کے لیے ایک نئے یکساں قانون کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کے تنوع میں ہے۔ آئین ہر شہری کو اپنے مذہبی عقائد اور ثقافتی روایات کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ ناانصافی، امتیاز اور سماجی مسائل کے حل کے لیے ضروری قانونی اصلاحات کا مخالف نہیں، تاہم تمام شہریوں پر ایک ہی پرسنل لا نافذ کرنے کو موجودہ حالات میں ضروری نہیں سمجھتا۔

وفد نے کمیٹی کے سامنے درج ذیل مطالبات پیش کیے:
1. مہاراشٹر میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی ضرورت اور جواز کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے۔
2. تمام مذہبی اور سماجی طبقات کو اعتماد میں لے کر کوئی فیصلہ کیا جائے۔
3. مسلم علماء، خواتین کی تنظیموں اور آئینی و قانونی ماہرین سے جامع مشاورت کی جائے۔
4. مجوزہ قانون کا مسودہ عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔
5. عوام کی جانب سے پیش کیے گئے تمام اعتراضات اور تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔
6. موجودہ حالات میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی سفارش سے گریز کیا جائے۔
وفد نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ یکساں سول کوڈ جیسے اہم اور حساس معاملے میں کوئی بھی فیصلہ عجلت میں نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ شفافیت، وسیع تر مشاورت اور تمام مذہبی و سماجی طبقات کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے، تاکہ ملک کے آئینی اصولوں، مذہبی آزادی، مسلم پرسنل لا اور سماجی ہم آہنگی کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
You May Also Like
نیوزمجلس العلماء، تحریک اسلامی مہاراشٹر کا اجلاس؛ ملی مسائل، مذہبی آزادی اور امت کے اتحاد پر اہم گفتگو
مجلس العلماء، تحریک اسلامی مہاراشٹر کا اجلاس؛ ملی مسائل، مذہبی آزادی اور امت کے...
نیوزUCC: مسلم پرسنل لا بورڈ نے مہاراشٹر حکومت کے سوالات کے جوابات کے لیے QR کوڈ جاری کیا
UCC: مسلم پرسنل لا بورڈ نے مہاراشٹر حکومت کے سوالات کے جوابات کے لیے...
نیوزدارالعلوم دیوبند میں رابطہ مدارس اسلامیہ کا کل ہند اجلاس، تعلیمی و انتظامی اصلاحات کے لیے اہم تجاویز منظور
دارالعلوم دیوبند میں رابطہ مدارس اسلامیہ کا کل ہند اجلاس، تعلیمی و انتظامی اصلاحات...
نیوزممبئی میں علماء کے لیے دو روزہ پیرا لیگل ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد
ممبئی میں علماء کے لیے دو روزہ پیرا لیگل ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد علماء...
نیوزمعروف سعودی عالمِ دین مفتی محمد عمر شفیق حجازی حفظہ اللہ کا مرکزالمعارف، ممبئی کا دورہ
معروف سعودی عالمِ دین مفتی محمد عمر شفیق حجازی حفظہ اللہ کا مرکزالمعارف، ممبئی...
تعلیماے آئی عہد میں انگریزی تدریس میں انسانی رہنمائی کی اہمیت پر آن لائن لیکچر
اے آئی عہد میں انگریزی تدریس میں انسانی رہنمائی کی اہمیت پر آن لائن...

Comments (0)
Leave a Comment