
اے آئی عہد میں انگریزی تدریس میں انسانی رہنمائی کی اہمیت پر آن لائن لیکچر
اے آئی عہد میں انگریزی تدریس میں انسانی رہنمائی کی اہمیت پر آن لائن لیکچر
ای سی نیوز ڈیسک
ممبئی، 16 جون 2026
مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر (MMERC)، ممبئی کے زیرِ اہتمام اس سے منسلک ہندوستان بھر کے اداروں کے ڈپلومہ اِن انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر (DELL) طلبہ کے لیے ایک اہم آن لائن لیکچر منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا موضوع تھا: "انگریزی تدریس میں انسانی (Human Touch) رہنمائی؛ مصنوعی ذہانت (AI) کے دور میں ایک ناگزیر ضرورت”۔
اس موقع پر مہمان لکچرار کی حیثیت سے مولانا مدثر احمد قاسمی، نیشنل کوآرڈینیٹر، ڈپلومہ اِن انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر (DELL)، ایم ایم ای آر سی، ممبئی و ڈائریکٹر، الغزالی انٹرنیشنل اسکول، ارریہ (بہار) نے طلباء سے بات کی۔ پروگرام کی نگرانی و نظامت مفتی جسیم الدین قاسمی، لیکچرر، ایم ایم ای آر سی، ممبئی نے انجام دی۔
اس آن لائن لیکچر میں مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، ممبئی کے طلبہ کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں میں واقع DELL سے منسلک اداروں کے طلبہ و اساتذہ نے بھرپور شرکت کی، جن میں مرکز اسلامی ایجوکیشن اینڈ ریسرچ، سینٹرانکلیشور (گجرات)، مدرسہ اسلامیہ، سورت (گجرات)، مدرسہ اشرف العلوم، شالوک پارہ، ہاوڑہ (بنگال)، جامعہ جلالیہ، وجائی (آسام)، جامعہ دارالحدیث، جے نگر، نوگاؤں (آسام)، المعہد العالی الاسلامی، حیدرآباد، مدرسہ اسلامیہ، بنجاری، اندور (مدھیہ پردیش) اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر، ممبئی اور اس سے منسلک ہندوستان بھر کے دس اداروں میں فضلائے مدارس کے لیے دو سالہ ڈپلومہ اِن انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر (DELL) کورس چلایا جاتا ہے، جس کا آغاز سن 1994ء میں محسنِ ملت حضرت مولانا بدرالدین اجمل صاحب اور ان کے رفقاء نے کیا تھا۔ اس کورس کا مقصد مدارس کے فضلاء کو دعوتی پہلو کو سامنے رکھتے ہوئے عصری تقاضوں کے مطابق انگریزی زبان و ادب اور ٹکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے۔اس وقت یہ نظام مصنف، صحافی و معلم مولانا محمد برہان الدین قاسمی کی نگرانی میں رواں دواں ہے۔
اپنے لکچر میں مولانا مدثر احمد قاسمی نے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تناظر میں اساتذہ کی ناگزیر اہمیت کو مختلف پہلوؤں سے اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ محض معلومات فراہم نہیں کرتے بلکہ طلبہ کی حوصلہ افزائی، ذہنی و جذباتی رہنمائی اور شخصیت سازی کا فریضہ بھی انجام دیتے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت بنیادی طور پر معلومات کی فراہمی تک محدود ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ طلبہ کی صلاحیتوں، کمزوریوں اور احساسات کو سمجھ کر ان کی انفرادی رہنمائی کرتے ہیں، ان کے اندر اعتماد پیدا کرتے ہیں اور سیکھنے کے فطری ذوق کو پروان چڑھاتے ہیں۔ مزید برآں اساتذہ حکمت اور بصیرت کے ساتھ طلبہ کی غلطیوں کی اصلاح کرتے ہیں، کردار سازی اور نظم و ضبط کی تربیت دیتے ہیں، جب کہ مصنوعی ذہانت ان پہلوؤں میں انسانی رہنمائی کا متبادل نہیں بن سکتی۔
مہمان لکچرار نے اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلائی کہ مصنوعی ذہانت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے بھی انسانی ذہانت اور رہنمائی درکار ہوتی ہے۔ ان کے مطابق AI معلومات میں اضافہ اور تعلیمی معاونت فراہم کر سکتی ہے، لیکن انسان کی ہمہ جہت تربیت اور زندگی کی تعمیر میں استاد کا کردار بنیادی اور ناقابلِ بدل ہے۔

انہوں نے اپنے لکچر کے اختتام پر کہا کہ موجودہ دور میں کامیابی کا راستہ اساتذہ کی بصیرت اور مصنوعی ذہانت کی وسعت کو یکجا کرنے میں مضمر ہے۔ صرف AI پر انحصار کرنے سے حقیقی اور دیرپا ترقی ممکن نہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے مکمل بے اعتنائی اختیار کرنا بھی وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔ لہٰذا متوازن طرزِ فکر اپناتے ہوئے انسانی رہنمائی اور جدید ٹیکنالوجی دونوں سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریباً 45 منٹ کے لکچر کے بعد 45 منٹ پر مشتمل سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے موضوع سے متعلق متعدد اہم سوالات پیش کیے۔ مقرر نے نہایت مدلل اور اطمینان بخش جوابات دیے۔ شرکاء نے اس سیشن کو بے حد مفید، بصیرت افروز اور نتیجہ خیز قرار دیا۔
You May Also Like
تعلیممر کز المعارف ممبئی میں انگریزی تقریری مقابلے کا انعقاد
مر کز المعارف ممبئی میں انگریزی تقریری مقابلے کا انعقاد صرف دو مہینے میں...
تعلیمموبائل کی کشش اور تربیت کی ذمہ داری
موبائل کی کشش اور تربیت کی ذمہ داری از: محمد توقیر رحمانی لیکچرر: مرکز...
اسکولجشنِ ہدایہ: بحُسن و خوبی اختتام کو پہنچا
جشنِ ہدایہ: بحُسن و خوبی اختتام کو پہنچا ای سی نیوز ڈیسک 26 جنوری...
تعلیمتعلیمی بحران اور مسلم نوجوانوں کے وجودی سوالات
تعلیمی بحران اور مسلم نوجوانوں کے وجودی سوالات ایک تجزیاتی مطالعہ ازـــ ابوحسان پوترک...
تعلیممرکز المعارف ممبئی میں انگریزی تقریری مقابلے کا انعقاد
مرکز المعارف ممبئی میں انگریزی تقریری مقابلے کا انعقاد حالات کے حساب سے عناوین...
تعلیمگزشتہ صدی کے تعلیمی نفسیات کے ماہر گیجو بھائی بھدیکا کی کتاب Divaswapna (دن کا خواب) کا حاصل مطالعہ
گزشتہ صدی کے تعلیمی نفسیات کے ماہر گیجو بھائی بھدیکا کی کتاب Divaswapna (دن...

Comments (0)
Leave a Comment